بھٹکل:4؍فروری(ایس اؤ نیوز)تعلقہ کے بیلکے ہونمڑی ، سوڑی گدے کے علاقے میں غیر قانونی طورپر بے تحاشہ شراب بیچی جارہی ہے، افسرا ن خاموش تماشائی بننے کے بجائے کارروائی کا مطالبہ لے کر علاقے کی خودکار خواتین سنگھ کی عورتوں نے پیر کی شام سڑک پر احتجاج کیا۔
خواتین کا کہنا تھا کہ بیلکے حدود میں کھلے عام شراب بیچی جارہی ہے، چند لوگ تو اپنے گھروں کو ہی بار میں منتقل کرتےہوئے زبردست کاروبار کررہے ہیں، گھر کے مردوں کی پوری کمائی شراب دکان کی نذر ہورہی ہے، حالیہ دنوں میں شراب کے نشہ میں گھر کی عورتوں پر ظلم میں بھی اضافہ ہورہاہے، اور عوام کی زندگی جہنم بن گئی ہے۔خواتین کا کہنا تھا کہ شراب کی فروخت کاری سے بچوں کی تعلیمی زندگی پر بھی سنگین اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ ان سبھی مسائل کے متعلق ایکسائز افسران اور پولس افسران کو کئی بار توجہ دلائی جاچکی ہے مگر اس کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ہو رہی ہے، پولس افسران شراب دکان پر پہنچتے ہیں پھر ملاقات کرکے واپس چلے جاتے ہیں، جس سے کئی شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں۔خواتین نے انتباہ دیا کہ اب ہماری مجبوری بن گئی ہے کہ ہم افسران سے درخواست کرنے کے بجائے گاؤں کی سبھی عورتیں مل کر شراب دکانوں پر ہی حملہ کریں، خواتین نے بتایا کہ حملہ کرنے کی صورت میں اگر قانونی نظام میں خلل پیداہوتاہے تو اس کے لئے افسران ہی ذمہ دارہوں گے۔
گاؤں کی سبھی خواتین بیلکے کے موگیرکیری میں واقع شراب دکان پر حملہ کے لئے آگے بڑھیں تو کچھ ہی دیر میں عملے کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچے ایکسائز سب انسپکٹر رویندر ، سب انسپکٹر پشپا نے اُنہیں روک دیا اور خواتین کی شکایات کو بڑے ہی اطمینان کے ساتھ سماعت کی پھر انہیں قانون کو ہاتھ میں لینے سے ہونے والے انجام کے متعلق سمجھانے کی کوشش کی۔ افسران نے اگلے چند دنوں میں غیر قانونی شراب کی تمام دکانوں کو بند کرنے کے لئے کارروائی کرنے کا تیقن دیا۔ جس کے بعد عورتوں نےاپنا احتجاج ختم کیا۔ اس موقع پر خواتین نے آفسران سے کہا کہ وہ دوبارہ افسران کی طرف سے کارروائی کا انتظار کریں گی لیکن اب بھی حالات یوں ہی جاری رہے تو شراب دکانوں پر حملہ کے فیصلے کوانجام دیا جائے گا۔ اس موقع پر خود کار مہیلا سنگھ کی ناگ وینی ، ناگ رتنا، شانتی ، ناگما ، منورما ، جانکی ، موہنی ، لکشمی وغیرہ موجود تھے۔